گوجرانوالہ؍ سمبڑیال (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) درندہ صفت ملزموں نے پانچویں کلاس کے طالبعلم کو اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا، کمسن مقتول کی کھیتوں سے نعش بر آمد ، لواحقین کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج ،پولیس نے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا، بتایا گیا ہے کہ نواحی علاقہ شیخ رجادہ کا رہائشی 12سالہ ابوبکر جوکہ پانچویں کلاس کا طالبعلم تھا ،جو تین روز گھر سے باہر گیا مگر واپس نہ آیا ج جس پر ورثاء نے اسکی تلاش شروع کر دی مگر بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا، اس بارے میں علم ہونے پر تھانہ صدر پولیس نے تین ملزمان امیر حمزہ ، معظم اور عصمت بھولی کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے ابوبکر کو اغواء کے بعد زیادتی کرکے قتل کیااور اسکی نعش کھیتوں میں پھینک دی تھی تاہم پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر مقتول طالبعلم کی نعش بر آمد کرکے اسے پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ، بعدازاں مقتول ابوبکر کے لواحقین نے اسکی نعش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا،ادھر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے کمسن طالبعلم کو گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتارا ہے ،پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق علاقہ تھانہ بیگو والہ کی 19 سالہ (ا) کو محلہ ہی کے سید ارتضیٰ شاہ نے گھر بلوا کر اسے زبردستی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا مقدمہ درج کر لیا گیا۔