سعودیہ: کرپشن اور رشوت کے الزام پر لیفٹیننٹ جنرل ملازمت سے فارغ، 20 سال قید

سعودی عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل کو ملازمت سے فارغ کرکے 20 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنا دی۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عدالت نے پبلک سکیورٹی کے سابق ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی کو مجموعی طور پر 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خالد بن قرار الحربی پر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے عوامی فنڈز میں ہیرا پھیری، جعلسازی اور رشوت لینے کا الزام تھا۔لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی کو جرمانے کے طور پر سنائی گئی سزا 10 لاکھ ریال کی رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق خالد بن قرار الحربی کو ملازمت سے برطرف کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے جب کہ رشوت کے طور پر وصول کیے جانے والے ایک کروڑ سے زائد ریال اور دیگر طریقوں سے جمع کی گئی رقم، تحائف اور زرعی زمین بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق عدالت نے یہ سزا فوجداری قانون کے تحت دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن