بھارت : بھیڑیے نے چھت پر سوئے بچے کو دبوچ لیا

بھارت میں ایک خونخوار بھیڑیے نے خوف و ہراس پھیلا دیا، پچھلے چند دنوں میں اپنے حملے سے وہ کئی لوگوں کو ہلاک اور زخمی کر چکا ہے، اس بار اس کا شکار چھت پر سویا ایک بچہ تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہسی علاقے کے پپری موہن گاؤں میں ارمان علی نامی 13 سالہ لڑکا گزشتہ رات اپنی چھت پر سو رہا تھا کہ اچانک بھیڑیے نے اس کی گردن دبوچ لی۔

موقع پر موجود لوگوں کی چیخ پکار کی آواز سن کر آدم خور بھیڑیا فرار ہو گیا تاہم اس کے حملے سے لڑکا شدید زخمی ہوگیا، ارمان کی گردن، چہرے پر زخمون کے نشانات ہیں، متاثرہ لڑکے کو فوری طور پر اسپتال منتال کیا گیا تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

بھیڑیے کے حالیہ حملے کے بعد علاقے کے لوگوں میں زبردست خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ بہرائچ میں آدم خور بھیڑیا اپنے پانچویں ساتھی کے پکڑے جانے کے بعد اب تک خاتون اور بچوں پر حملہ کرکے انہیں بُری طرح زخمی کر چکا ہے۔

مہسی اور شیو پور کے 110 گاؤں میں محکمہ جنگلات، پولیس، پی ایس سی کے جوان اور ضلع کے ملازمین روسٹر وائز گشت کر رہے ہیں لیکن پھر بھی بھیڑیا گرفت سے دور ہے اور انسانوں پر لگاتار حملے کر رہا ہے۔

مہسی تحصیل میں گزشتہ تین ماہ سے آدم خور بھیڑیے کی دہشت قائم ہے۔ بھیڑیوں کے جھنڈ نے اب تک 9 بچوں سمیت 10 لوگوں کو ہلاک کر ڈالا ہے جبکہ اس کے حملے میں 50 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز پانچ بھیڑیے پکڑے جانے کے بعد لوگوں کے خوف میں کچھ کمی آئی تھی لیکن چھٹا اور آخری بھیڑیا کافی خطرناک ہو چکا ہے۔ اس لنگڑے بھیڑیے نے پچھلے دو دنوں میں تین لوگوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں دو بچیاں اور ایک خاتون شامل ہے۔

گزشتہ بدھ کی دیر رات خونخوار بھیڑیے نے ایک خاتون پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ بھیڑیے نے 50 سالہ پشپا دیوی پر اس وقت حملہ کیا جب وہ گھر کے اندر برآمدے میں سو رہی تھی۔

ای پیپر دی نیشن