کراچی سمیت سندھ بھرمیں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ امتحانات میں تین لاکھ سے زائد طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ سیکڑوں طلباء کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد بورڈ کے تحت نو اضلاع میں ایک لاکھ چھ ہزار طلبہ و طالبات میٹرک کے امتحانات میں شریک ہیں ۔ حیدرآباد ، ٹھٹھہ ، جام شورو، ٹنڈو محمد خان ، بدین ، ٹنڈو الہ یار، دادو، نواب شاہ اور مٹیاری میں دوسو چھ امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اورنقل کی روک تھام کیلئے بیس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔ ادھر لاڑکانہ ڈویژن کے چھ اضلاع لاڑکانہ ، قمبر، شہداد کوٹ ، شکارپور ، جیکب آباد ، کشمور اور ضلع دادو کے علاقے میہڑ کے بارہ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہیں ۔ میر پورخاص بورڈ کے تحت سانگھڑ، عمر کوٹ ، میرپور خاص اور تھرپارکر اضلاع میں چون ہزار طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔، جہاں ایک سو اکیس امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور نقل کی روک تھام کیلئے پندرہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ سکھر بورڈ کے زیر انتظام میٹرک کے امتحانات میں بھی سکھر، نوشہروفیروز ، گھوٹکی اور خیرپورکے ہزاروںطلبہ وطالبات شرکت کررہے ہیں۔