محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے میں آئندہ چار روز کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی حدشہ ہے مکران کے ساحلی علاقے میں ملاحوں کو کھلے سمندر میں اپنی سرگرمیوں کو آج سے عارضی طور پر روکنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آج شام سے بارش کا یہ سلسلہ شمالی بلوچستان اور ملحقہ مغربی سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر تک پھیلنا شروع ہوجائے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب، مالاکنڈ، کوئٹہ، قلات، ڈی آئی خان، سکھر ڈویژن اور کشمیر میں چند ایک مقام پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش بارخان میں پچاس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پولن کی تعداد چار سو بیاسی فی کیوبک میٹر ریکارڈ کی گئی۔ منگل کے روزملک میں سب سے زیادہ گرمی حیدر آباد، مٹھی اور چھور میں پڑی جہاں درجہ حرارت انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی اور ملتان میں چونتیس، اسلام آباد اور مظفرآباد میں تیس، پشاور میں بتیس، کوئٹہ میں چھبیس، گلگت میں ستائیس، فیصل آباد اور لاہور میں اکتیس اورمری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سترہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔