لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کو تاریکی سے نکال کر دوبارہ روشنیوں کا شہراور امن کا گہوارہ بنائیں گے‘ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا اظہار آئندہ الیکشن کے نتائج میں ہونا چاہئے، جہاں ممکن ہوا سندھ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ سندھ کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کی جبکہ اس موقع پر سید غوث علی شاہ‘ سلیم ضیاءسمیت دیگر بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ عوام تبدیلی کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں اور اب دنیا کی کوئی طاقت اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن ایک سازش کے تحت قتل و غارت گری کا شکار کر دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی کراچی کے حالات کو کنٹرول کرنے میں یکسر ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئے گی اور کراچی کو تاریکی سے نکال کر دوبارہ روشنیوں کا شہر اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ یہاں ایسی ترقی ہو گی کہ دنیا دیکھے گی جس سے پورا ملک خوشحال ہو گا۔ اجلاس میں سندھ میں پارٹی امیدواروں اور دیگر جماعتوں سے تعاون کے بارے مےں تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا ہے کہ مضبوط حکومت پاکستان کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ ادھر ادھر سے دس بیس بندے مانگ کر حکومت بنائی تو کیا بنائی۔ عمران خان کے آصف زرداری سے حلف لینے کی نوبت شاید نہ آئے۔ انتخابات ملتوی کرنا کوئی آپشن نہیں۔ انتخابات ملتوی کرنے کی سوچ کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا۔ پرویز مشرف پر تنقید شروع کر دوں مشرف اور نواز شریف میں فرق نہیں رہے گا۔ میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں۔ کسی نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا تو آئین و قانون فیصلہ کرے گا۔ امیدواروں کو بغیر خوف کے انتخابات لڑنے کا ماحول پیدا کیا جائے۔ الیکشن کمشن سکیورٹی خطرات اور تحفظات کا جائزہ لے۔ عوام کی بھی جماعت کو اتنے ووٹ دیں کہ پاکستان میں مضبوط حکومت بن سکے۔ سپریم کورٹ میں پرویز مشرف کیس میں فریق بننے کے سوال پر کہا کہ اس مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔ میں وہ کام نہیں کرتا جو مشرف کرتے رہے۔ دیکھئے سپریم کورٹ میں معاملات کیسے آگے بڑھتے ہیں؟ اے این پی پر طالبان حملوں کے بارے میں اس سوال پر کہ کیا مسلم لیگ ن کے لئے طالبان سافٹ کارنر رکھتی ہے نواز شریف نے کہا کہ اس سافٹ کارنر کی وجہ وہ نہیں بتا سکتے اور نہ ہی کوئی واضح وجہ ہے۔