ریاض/ اسلام آباد (اے این این) سعودی عرب نے پاکستانی عازمین حج کے لئے سعودی کمپنیوں سے کھانا خریدنا لازمی قرار دے دیا۔ پیشگی رقم کے عوض عازمین کو منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں قیام کے دوران چھ روزکھانا دیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اس سلسلے میں سعودی حکام کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عازمین کے لئے سعودی عرب کی مقررہ کمپنیوں سے کھانے کے حصول کی پابندی نہ لگائی جائے، پاکستانی مخصوص ذائقے کا کھانا کھاتے ہیں، ان پر عائد پابندی ختم کی جائے کیونکہ اس سے عازمین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ عازمین پر کھانے سے متعلق پابندی اٹھانے کے لئے وفاقی وزیر سعودی سفیر سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔ ادھر ایک اور میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والے پاکستانی عازمیں حج کو کھانا فراہم کرنے سے متعلق پاکستان کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ پاکستان کو سعودی وزارت مذہبی امور کو عازمین حج کے کھانے کے لئے فی کس 12 سو ریال ادا کرنا ہوں گے۔