تہران(این این آئی)ایران میں قتل کے جرم میں پھانسی سے چند لمحات قبل مجرم کو مقتول کے والدین نے معاف کردیا،قتل کا یہ واقعہ سات برس قبل بازار میں ایک لڑائی کے دوران پیش آیا تھا،ادھرایرانیوں نے بلال کو معاف کئے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بہادرانہ اور قابلِ احترام قدم قرار دیدیا۔ بلال نامی مجرم کو 17 سالہ عبداللہ حسین زادہ کے قتل کے جرم میں سزائے موت دینے کے لئے پھانسی گھاٹ لایا گیا تو مقتول کی والدہ نے پہلے تو اسے ایک طمانچہ رسید کیا اور پھر معاف کر دیا جس سے اس کی جان بچ گئی۔مقتول کے والد عبدالغنی حسین زادہ نے کہا کہ پھانسی کی مقررہ تاریخ سے تین دن قبل ان کی اہلیہ نے خواب میں اپنے بیٹے کو دیکھا جس نے انہیں بتایا کہ وہ بہت اچھے حالات میں ہے اور وہ بدلہ نہ لیں،ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کو دیکھ کر ان کی اہلیہ پرسکون ہوگئیں اور پھر باہمی صلاح مشورے کے بعد انہوں نے بلال کو معاف کرنے کا فیصلہ کر لیا۔