نئی دہلی (آن لائن) مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں شملہ سمجھوتے کو قابل عمل قرار دیتے ہوئے پاکستان نے واضح کیا ہے اس دیرینہ مسئلہ کو تیسرے ملک کی ثالثی یا شملہ معاہدے کے تحت ریاستی عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے جامع ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں پاکستانی خارجہ پالیسی کے موضوع پر اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان بھارت کے درمیان جموں و کشمیر سمیت مختلف پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کے لئے بات چیت کے عمل کو وسعت دینے کی ضرورت ہے اور اس سمت میں آگے بڑھنے کے لئے تجارتی سطح پر تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ دونوں ملکوں کی اقتصادی ترقی کے لئے امن کا قیام ناگزیر ہے۔ آپ جموں و کشمیر کو ہمیشہ بھارت کا ٹوٹ انگ کہتے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان یہی دوری پیدا کئے ہوئے ہے جو جامع مذاکرات کا ایک اہم حصہ بھی ہے۔