اسلام آباد+ مردان (صباح نیوز+ آن لائن) چیئرمین کشمیر کمیٹی فضل الرحمن نے سری نگر میں حالیہ مظاہروں میں شریک عوام اور حریت پسند لیڈروں کے جذبہِ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے تمام کشمیری حریت پسند لیڈروں کی جبری نظربندی کا فیصلہ واپس لے۔ امن کی واحد راہ اعتدال پسندی ہے۔ سرینگر میں حق خودارادیت کے لئے گرینڈ ریلی اور مظاہرے کی حمایت میں جاری بیان میں فضل الرحمن نے کہا کہ یہ مظاہرے ان کے فطری جذبوں کا بے ساختہ و بر ملا اظہار ہے لہٰذا بھارتی حکومت کو معروضی حالات کا ادراک کرتے ہوئے ہوش سے کام لینا چاہئے‘ کشمیریوں کو فوراً حق خود ارادیت دیا جائے۔ علاوہ ازیں ہوتی ہائوس آمد پر فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی پارلیمنٹ میں کوئی حیثیت نہیں رہی۔