لندن (آن لائن) وکی لیکس نے فلم ساز ادارے سونی پکچرز انٹرٹیمننٹ کی وہ لاکھوں ای میلز اور دستاویزات شائع کر دی ہیں جو گزشتہ برس ایک سائبر حملے میں چرائی گئی تھیں۔ ان دستاویزات میں بظاہر کمپنی کی برطانوی وزیر اعظم کے دفتر اور ہالی وڈ کی اہم شخصیات سے بات چیت کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔ سونی نے وکی لیکس کی جانب سے دستاویزات کی اشاعت کی شدید مذمت کی ہے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم وکی لیکس کے اس دعوے سے بالکل متفق نہیں ہیں کہ یہ مواد عوامی ڈومین کا حصہ ہے۔ وکی لیکس کی جانب سے افشا کئے جانے والے مواد میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ای میلز اور 20 ہزار سے زیادہ دستاویزات شامل ہیں۔ جولین اسانج نے کہا کہ دستاویزات یہ بتاتی ہیں کہ ایک کثیر القومی کمپنی کیسے کام کرتی ہے اور کیسے وہ ایک جیوپولیٹیکل تنازع کا مرکزی حصہ تھی۔
وکی لیکس نے سونی پکچرز کی چوری شدہ دستاویزات شائع کر دیں
Apr 18, 2015