لاہور+ قصور (نامہ نگار+ نمائندگان) پنجاب کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری اور لاہور، قصور، جڑانوالہ، ملتان میں سرچ آپریشن کے دوران 147 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی آئی اے، انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ پولیس کے افسران و اہلکاروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے 65 افراد کو اپنی حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ گزشتہ روز خصوصی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں برکی، ٹائون شپ، ماڈل ٹائون، مناواں، سگیاں پل، باٹاپور، باغبانپورہ، اندرون موچی گیٹ، اکبری گیٹ، شیراکوٹ، گلشن راوی، چوہنگ، ہنجروال، اردو بازار، پرانی انارکلی، نیوانارکلی، لاری اڈا، نواں کوٹ، شفیق آباد، کاہنہ، نشتر کالونی اور نصیر آباد راوی روڈ، سبزی منڈی، ریلوے سٹیشن، لوئر مال، شاہدرہ، شاہدرہ ٹائون، گرین ٹائون، ستوکتلہ، نواب ٹائون اور فیکٹری ایریاکے علاوہ اقبال ٹائون مون مارکیٹ اور اسکے اطراف میںواقع ہوٹلوں، گیسٹ ہائوسز، سرائوں ، افغان بستیوں اور دیگر مشتبہ علاقوںمیں سرچ آپریشن کیا۔ دوسری جانب ملتان پولیس اور حساس اداروں نے جلیل آباد میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ادھر جڑانوالہ میں سرکل پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے افغان باشندوں سمیت 60 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔ دُلے والا سے نامہ نگار کے مطاقب سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندے نعمان خان کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر قصور پولیس نے پتوکی اور چونیا سرکل کے متعدد دیہات میں سرچ آپریشن اور گھروں کی تلاشی کے بعد 13 ملزموں کو گرفتار کر کے نا جائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت چونیاں اور پتوکی سرکل کے علاقوں کنگن پور ٹائون، قائم شاہ، قاضی والا، دیا سنگھ، رکن پورہ اور مئوکل کے علاقہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا سرچ آپریشن کے دوران 180 گھروں کی تلاشی لی گئی اور 300 سے زائد مشکوک افراد کی مکمل تفتیش کی گئی۔
لاہور، قصور ، جڑانوالہ ،ملتان میں سرچ آپریشن، 147مشتبہ افراد گرفتار
Apr 18, 2016