اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمنٰ حکومت کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ پانامہ لیکس پر سب اندر سے ملے ہوئے ہیں، تحقیقات پر ڈاکوؤں اور چوروں کا اتحاد ہوچکا ہے، اگر عوام اب بھی سوئی رہی تو لوٹ مار کرنے والے سب ان کیسز سے باہر نکل جائیں گے۔ وقت نیوز کے پروگرام ’’دی ادر سائیڈ‘‘ میں ملک کے سیاسی حالات پر بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لندن میں آصف علی زرداری نے میاں نوازشریف کے آگے پانچ مطالبات رکھ دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری اعتزاز احسن‘ میاں رضا ربانی اور سید خورشید شاہ آصف علی زرداری کی پسندیدہ شخصیات نہیں ہیں۔ انہوں نے چودھری اعتزاز احسن کے حوالے سے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی سے کوئی امید نہ رکھیں، وہ انکا ساتھ نہیں دیگی۔ اگر انہوں نے پانامہ لیکس پر کچھ کرنا ہے تو انہیں خود کرنا ہوگا۔ شیخ رشید احمد نے محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمنٰ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سب نوازشریف کے ساتھ ہیں، بالخصوص مولانا فضل الرحمنٰ ہر دور میں حکومت کی کمزوریوں پر نظر رکھتے ہیں اور پھر ان کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
زرداری نے نوازشریف کے آگے 5 مطالبات رکھ دئیے: شیخ رشید
Apr 18, 2016