خواتین کو بااختیار بنانے، غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں: کینیڈین ہائی کمشنر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر ہیدر کروڈن نے کہا ہے کہ کینیڈا پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے‘ انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کے قابل بنانے اور خواتین میں غربت کے خاتمے کے لئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ خواتین کو حق رائے دہی کا پورا حق حاصل ہے اگر انہیں ووٹ کے حق سے محروم کیا جاتا ہے تو یہ بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی ہے۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر سے استفسار کیا گیا کہ کینیڈا پاکستان کا طویل عرصہ سے پارٹنر اور دوست ہے۔ کینیڈا وہ ملک ہے جس نے پاکستان میں 60 کی دہائی میں کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ لگایا تھا۔ کیا کینیڈا پاکستان کو توانائی کے موجودہ بحران کے خاتمے میں مدد دینے کے لئے تیار ہے تو کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کو صاف توانائی کے حصول میں مدد دینے کے لئے تیار ہے۔ کینیڈا پانی سے بجلی حاصل کرنے میں مدد دینے کے لئے تیار ہے۔ اس کے علاوہ شمسی توانائی اور ونڈ پاور کے حصول میں بھی کینیڈا مدد دے سکتا ہے۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے سلسلے میں بہت سرگرم ہیں۔ انہوں نے ان تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے 2 ارب ڈالر کی رقم کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر سے پوچھا گیا کہ کینیڈا بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مدد دے گا تو انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا منصوبہ عالمی بنک اور دوسرے مالیاتی اداروں کی مدد سے ہی تعمیر ہو سکتا ہے۔ کینیڈا کی کمپنیاں اس منصوبے کے لئے ٹینڈر دے سکتی ہے۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے بھرپور امداد دے رہا ہے۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ دونوں ملکوں کی تجارت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس پر مجھے بہت فخر ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...