اسلام آباد (آئی این پی) پانامہ کے نائب وزیر خزانہ آئیون زرک نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری اسحاق ڈار نہیں بلکہ سیکرٹری خزانہ وقار مسعود سے ملاقات ہوئی تھی۔ پانامہ کے نائب وزیر خزانہ آئیون زرک نے سی این این کی صحافی کے سوال کہ پانامہ پیپر نے کس کس کو پریشان کیا کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کرکے تشویش کا اظہار کیا تھا جس پر پاکستان میں وزارت خزانہ حکام نے پانامہ کے وزیر کے دعوے کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے خبر کو بے بنیاد قرار دیا، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں میں بھی سیکرٹری خزانہ نمائندگی کررہے ہیں۔ اب پانامہ کے نائب وزیر خزانہ آئیون زرک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں گزشتہ روز کے بیان کی وضاحت کر دی۔ دریں اثنا امریکہ میں پاکستان کے سفارتخانے میں عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پاکستان اور پانامہ کے درمیان وزارتی سطح کے اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے بے بنیاد میڈیا رپورٹوں کو مسترد کردیا ہے۔ امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے ترجمان نے ان رپورٹوں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاس کے انتظامات امریکی محکمہ خارجہ نے کئے تھے۔ اجلاس کے موقع پر حروف تہجی کے اعتبار سے پاکستانی وفد کے اراکین پانامہ کے وفد کے ساتھ ہی نشست پر تھے۔ ساتھ بیٹھنے کی وجہ سے فریقین کو ایک دوسرے کے ساتھ رسمی علیک سلیک کا موقع ملا۔ اس موقع پر کوئی رسمی بات چیت نہیں ہوئی کیونکہ یہ طے شدہ ملاقات نہیں تھی۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح کے اجلاس سے متعلق میڈیا کی اطلاعات بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کی نفی ہے۔
پانامہ / وزیر