صدر مملکت ممنون حسین اور ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس کے درمیان تعلیم ، صحت اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ یہ اتفاق رائے صدر مملکت ممنون حسین اور ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس کے درمیان ایوان صدر میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات میں طے پایا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ماریشس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان اور ماریشس کے خوشگوار تعلقات دہائیوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ ہونا چاہیے تاکہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اور ماریشس چیمبرز کے درمیان ادارہ جاتی سطح پر روابط خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کا آغاز بھی ہونا چاہیے تاکہ تجارت، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ صدر مملکت نے مہمان صدر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں صدر آزاد کشمیرسردار محمد یعقوب ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر مملکت انوشہ رحمان، مشیر خارجہ طار ق فاطمی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مہمان صدر ڈاکٹر بی بی آمینہ فردوس نے تجویز کیاکہ ماریشس میں ہفتہ پاکستان منایا جانا چاہیے جس میں پاکستانی ثقافت ، معاشرت اور اشیاءکی نمائش کی جائے۔ مہمان صدر نے صدر ممنون حسین کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ ماریشس کی دعوت بھی دی جسے صدر مملکت نے قبول کیا۔ اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین نے ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس کا ایوان صدر پہنچنے پر مرکزی دروازے پر استقبال کیا۔ مہمان صدر کو پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔