کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر ضیا شاہد، سیکریٹری جنرل اعجازالحق اور تمام عہدیداران و ممبران نے سندھ میں رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کے قانون کے نفاذ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے سندھ کے گورنر محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور اسپیکر آغا سراج خان درانی سمیت سندھ اسمبلی کے تمام اراکین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ سی پی این ای نے رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کا قانون سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کے لئے طویل اور مو¿ثر جدوجہد کی۔ اس سلسلے میں عوامی آگہی مہم کا انعقاد کیا جس کے دوران یونیورسٹیز میں طلباءو طالبات نیز پرنٹ میڈیا، ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر معلوماتی پروگراموں ،سیمینار اور ورکشاپس کے ذریعے عوام میں شعور و آگہی پیدا کی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کا قانون شفافیت اور جوابدہی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں مدد دیتا ہے تو دوسری جانب عوام کی نظام کاری میں شمولیت کو یقینی بناتا ہے۔ مہذب اور جمہوری معاشرے میں رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کو بنیادی انسانی حق اور کرپشن کے خلاف مددگار سمجھا جاتا ہے۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سندھ حکومت انسانی بنیادی حق کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں سی پی این ای کی جانب سے نیشنل نیٹ ورک فار آر ٹی آئی کی تشکیل ایک اہم قدم ہے۔ دریں اثناء کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سکھر پریس کلب میں احتجاجی مظاہرین کی جانب سے جیو نیوز کے رپورٹر ناصر جعفری سمیت دیگر صحافیوں اور میڈیا کارکنان پر حملے اور پتھراو¿ کی شدید مذمت اور صحافی ناصر جعفری کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے صحافی برادری پر حملہ تصور کیا ہے۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد،سینئر نائب صدر شاہین قریشی، سیکریٹری جنرل اعجازالحق و دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ صحافیوں کو حق و سچ لکھنے اور آزادی اظہار رائے کی پاسداری کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ہاو¿سز پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
سی پی این ای/اظہار مسرت