سب کچھ ایوان کی عزت کے لئے کیا‘ وزرا کو تنبیہہ کریں گے: چیئرمین سینٹ‘ سوشل میڈیا پر فحش مواد روکا جائے‘ قرارداد منظور

Apr 18, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے اجلاس میں کہا چاہتا ہوں جمعہ کے روز جو واقعات رونما ہوئے ان پر آپ کو اعتماد میں لوں۔ جمعے کا واقعہ اچانک رونما نہیں ہوا۔ مجھے اس حوالے سے کوئی دورہ پڑا نہ ہی ڈرامہ بنانے کی کوشش کی۔ میرا موقف تب بھی یہی تھا جب میں اپوزیشن یا پھر حکومتی بنچز پر بیٹھتا تھا۔ میرا موقف یہی رہا ہے حکومت وقت پارلیمنٹ کو سنجیدگی سے لے۔ ہم نے مشرف دور میں پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیا تھا۔ بطور چیئرمین اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا ایوان اور ممبران کے وقار کا تحفظ کرونگا۔ میرے اقدام کا تعلق کسی سیاسی ڈرامے سے نہیں تھا۔ میرا اقدام ایوان کی عزت اور حق کے دفاع سے متعلق تھا۔ میں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں 6گزارشات رکھیں، وزراءکی عدم حاضری پر وزیر اعظم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی۔ آئندہ وزراءکو تنبیہہ کی جائیگی کہ وہ پارلیمان کی کارروائی کو فوقیت دیں۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے اس حوالے سے تحریری سرکلر جاری ہو گا۔ سوالوں کے جوابات نہ آنے پر حکومت معاملے کو اٹھائے گی۔ سینٹ کے 8بل قومی اسمبلی کے پاس متروک ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کے نوٹس میں اب سینٹ کو بھی ان بورڈ رکھا جائیگا۔ سینٹ اختیارات میں اضافے پر مذاکرات کا آغاز کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس معاملے میں مجھ سے تعاون کرنے پر ایوان کے ارکان کا شکر گزار ہوں۔ آصف زرداری، عمران خان، مولانا فضل الرحمن، اسفند یار ولی کا شکر گزار ہوں۔ رہنماﺅں نے اپنی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے ذریعے تعاون کا یقین دلایا، ایران کا دورہ ملتوی کرنے پر وہاں کی مجلس کے سپیکر سے معذرت کرتا ہوں۔ قبل ازیں چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت سینٹ کا اجلاس ہوا، ارکان نے ڈیسک بجا کر چیئرمین سینٹ رضا ربانی کا استقبال کیا۔ ڈیسک بجانے والے ارکان میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سینیٹرز بھی شامل تھے۔ سینٹ میں سوشل میڈیا پر فحش مواد روکنے سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک میں غیراخلاقی، فحش مواد کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔ آئی جی خیبر پی کے سے مردان واقعہ کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں۔ سنیٹر بلیغ الرحمن نے کہا کہ 12 بجکر 52 منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی۔ پولیس ایک بجکر 5 منٹ پر یونیورسٹی پہنچی۔ پولیس نے عبد اللہ نامی طالب علم کو پہلے باہر نکالا۔ پولیس نے موقع سے 70 طلبہ کو حراست میں لیا۔ 6 یونیورسٹی ملازمین سمیت 22 افراد زیرحراست ہیں۔نامہ نگار کے مطابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ملک میں پانی کی شدید قلت کا معاملہ پورے ایوان کی کمیٹی کو بھجوادیا، گزشتہ روز اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز نے اپنی اور دیگر ارکان کی طرف سے تحریک پیش کی کہ پاکستان میں پانی کی قلت کے معاملہ پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی رپورٹ کو زیر بحث لایا جائے۔ محسن لغاری نے کہا یہ دہشت گردی سے بھی اہم معاملہ ہے۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا پاکستان میں پانی کی قلت انتہائی اہم مسئلہ ہے، آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پانی کم ہو رہا ہے، پینے کے پانی کا مسئلہ بھی شدید ہو رہا ہے، ہمیں مل بیٹھ کر پانی کی قلت کے مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے۔ وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے ایوان بالا کو بتایا ضلع مانسہرہ میں ایئرپورٹ بنانے کیلےءکام شروع کر دیا ہے۔ جس کے بعد سینیٹر اعظم سواتی نے اپنی قرارداد واپس لے لی جبکہ ایوان بالاءنے سنیٹر محسن عزیز کی جانب سے سکولوں میں روایتی اسلامی مذہبی تہوار منانے کیلئے مو¿ثر اقدامات اٹھانے کی قرارداد منظور کر لی۔ ایوان بالا نے سینیٹر سراج الحق کی جانب سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا اور انٹرنیٹ پر غیر اخلاقی اور فحش مواد کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی قرارداد بھی منظور کر لی۔ دونوں قراردادوں کی حکومت کی جانب سے مخالفت نہیں کی گئی۔مردان واقعہ پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا صوبائی پولیس نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ پولیس نے ایک طالب علم کو مجمع سے بازیاب کرایا اور ہسپتال پہنچایا، ایک طالب علم کی لاش ہاسٹل سے برآمد کی گئی۔ پولیس اور مجمع میں بعد ازاں تصادم بھی ہوا، پولیس نے کئی لوگوں کو گرفتار کیا، 20 نامزد افراد میں سے 16 کو گرفتار کیا، مزید 12 کی شناخت کرلی گئی ہے جن میں سے 6 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار کئے گئے 22 افراد میں سے 6 یونیورسٹی ملازمین ہیں، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سینٹ نے مجموعہ تعیزات پاکستان 1860ءمیں مزید ترمیم ے دو بلوں کی اتفاق رائے سے منظوری دی ہے جن کے تحت آرٹیکل 323‘ 273‘ 274 اور 275 میں ترامیم کی جائیں گی۔ ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف سنیٹر اعتزاز احسن کے برادر نسبتی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ایوان بالا نے سینیصٹر اعظم سواتی کی طرف سے دسٹور کے آرٹیکل 256 میں ترمیم کی تحریک مسترد کر دی۔

مزیدخبریں