اسلام آباد (صباح نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار ملزموں کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔پیر کوسوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی تشہیر کے الزام میں گرفتار چار ملزموں کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے بعد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر عدالت نے ملزموں کے فیس بک اکاونٹ سے متعلق ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ اب تک ملزموں کے اکاونٹ سے کیا معلومات حاصل ہوئیں جس پر حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کے فیس بک اور ای میل اکاونٹس کا فرانزک معائنہ جاری ہیں، جلد تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی جائے گی۔اس موقع پر جج کوثر عباس زیدی نے ملزموں سے استفسار کیا کہ کیا آپ پر تشدد تو نہیں کیا گیا؟ ملزموں نے جواب دیا کہ ہم پر کوئی تشدد نہیں ہوا عدالت نے ایف آئی اے کو ملزموں کا میڈیکل کرانے کاحکم دیتے ہوئے آج منگل تک رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا دوران سماعت ایف آئی اے نے ملزموں کے ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے ملزموں کو مزید چار روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا عدالت نے جمعہ کے روز دوبارہ ملزموں کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی تشہیر میں ملوث 4 ملزموں کی عدالت پیشی
Apr 18, 2017