اسلام آباد(آئی این پی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اوررکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کے معاملے پردووزراء کو تڑکا لگے گا، اس میں 4 افراد کی قربانی دی جا رہی ہے ‘ وزیراعظم پہلے ہی کافی تھکے ہوئے ہیں ‘ زرداری گو نواز گو کا نعرہ لگائیں گے تو لوگ شک کریں گے ‘ بلاول سے نعرے لگوائیں۔ ترک صدر نے جس طرح صدارتی ریفرنڈم کروایا اس طرح نوازشریف اپنے وزیر اعظم رہنے پر نا رہنے کا ریفرنڈم کروائیں۔ مشال خان قتل سمیت ملک بھر کے تمام مقدمات فوجی عدالتوں میں چلنے چاہئیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں سچا عاشق رسول ہوں، میرا موقف ہے کہ نہ کسی کے عقیدے کو چھیڑیں نہ کسی کو اپنے عقیدے کو چھیڑنے دیں۔ حکومت کی ملک بھر میں کہیں بھی رٹ قائم نہیں رہی۔ کے پی کے حکومت کی طرف سے مشال خان قتل کیس کی علامتی تحقیقات کے اعلان کی حمایت کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) جھوٹ بولنے کیلئے چند وزیروں کی ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے، موجو دہ حکومت کبھی لوڈ شیڈندگ ختم نہیں کرسکتی، داسو سمیت تمام منصوبے گرمی آتے ہی اُڑ چکے ہیں، حکومت نے کام کرنے کی بجائے اشتہارات پر توجہ دی، اربوں روپے کے اشتہارات میں آج بھی زیرو لوڈ شیڈنگ دکھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈان لیکس پر معاملات طے پاچکے ہیں، آج رپورٹ آ جائیگی۔