ترک عوام نے صدر اردگان کی شاندار کارکردگی‘ جمہوریت کے حق میں ووٹ دیا: سراج الحق

Apr 18, 2017

لاہور/ ملتان (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ترکی کے ریفرنڈم میں کامیابی پر وہاں کی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے پیر کو اسلام آباد کے سفارتخانے میں ترکی کے سفیر بابرگرگن سے ملاقات کی اور انہیں عوامی اکثریت کے ذریعے دستوری ترمیم پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اکثریت کے ذریعے دستوری ترمیم سے ترکی میںجمہوری اقدار مزید مستحکم ہوں گی۔ ترک عوام نے صدر رجب طیب اردگان کی کارکردگی، جمہوریت کے حق میں اور کرپشن کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم میں کامیابی پرصدر طیب اردگان اور پوری ترک قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، ہم پاک ترک تعلقات کو ہمہ پہلو مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، کشمیر سمیت ترکی نے ہر مسئلے اور ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اردگان کی کارکردگی مسلم دنیا کے لئے مثال ہے، ریفرنڈم میں کامیابی سے شام سمیت عالم اسلام کے مسائل حل کرنے میں ترکی کا کردار مزید موثر ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ ترکی میں کامیابیاں مخالفین کو ہضم نہیں ہورہیں، مخالفین صدر اردگان کی شاندار کارکردگی الزامات کی دھول میں چھپانا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں