راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹرسے)در بار عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی مےں 22اپریل کو منعقد ہونے والی عالمی میلاد مصطفی انٹر نیشنل کانفرنس کیلئے ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کی طرفسے بھر پور انتظامات کا ایس او پی تیار کر لیا گیا ہے ۔ سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن اور افسران کی موجودگی میں آستانہ عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں ذکر مصطفی کی روحانی محفل کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات یقینی بنانے پر غور و خوص کیا گیا تا کہ علماءکرام ، مشائخ عظام ، ثناءخوانِ مصطفی اور کثیر تعداد میں خصوصی محفل میں شرکت کرنے والوںکو کسی قسم کی پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے اور اس موقع پر سکریننگ ، سیکورٹی ، پارکنگ ، پینے کے پانی اور ابتدائی طبی امداد کی تمام تر سہولیات فراہم ہوں ۔ اجلاس کے دوران یوم میلاد مصطفی کے شیڈول کے مطابق عید گاہ شریف میں ملک کے مختلف حصوں سے نعت خواں حضرات کی آمد اور پروگرام کے انعقاد کے شیڈول پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد ، رکن پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ، اے ڈی سی عارف رحیم ، ایس ایس پی آپریشنز عرفان طارق ، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس راولپنڈی مس سنجیدہ خانم ، سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان ، راحت مسعود قدوسی ، مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر شاہد غفور پراچہ ، ڈویثرنل خطیب حافظ محمد اقبال رضوی ، سر پرست اعلیٰ مرکزی میلاد کمیٹی شیخ طارق مسعود ، متعلقہ محکموں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ آقائے سے محبت اور دینی تعلیمات پر عمل کر کے دہشت گردی اور انتہاءپسندی کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور ہم اپنا تعلق مدینہ پاک سے جوڑ کر ہم تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں ۔ انہوں نہ کہا کہ عالمی یوم میلاد مصطفی سے عقیدت کا اظہار ہے اور میلاد کا انعقاد کر کے ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حضور نبی کریم کی تعلیمات دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں اور ان کی سیرت طیبہ کو اپنا کر ہم دنیا اور آخرت میں سر خرو ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کی متبرک محافل ہماری نجات اور کامیابی کا ذریعہ ہیں اور ہمیں ان محافل میں بھر پور انداز میں شریک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں انتظامیہ کے تعاون کو سراہا ۔ اجلاس میں عالمی یوم میلاد مصطفی کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عارف رحیم نے کہا کہ موجودہ حالات میں پیش بندی کے طور پر تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور انتظامیہ اور پولیس کے افسران اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے اور امن و امان برقرار رکھنے اور جان و مال کے تحفظ کیلئے سیکورٹی کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔ انہوں نے ذکر مصطفی کی متبرک محفل میں شرکت اور اس کے انتظامات میں معاونت قابل فخر ہے اورتمام ادارے اپنے فرائض خوش دلی سے سر انجام دیں گے ۔ ایس ایس پی آپریشنز عرفان طارق نے کہا کہ عالمی میلاد مصطفی کانفرنس کے موقع پر پولیس کی طرف سے تمام تر ذمہ داریاں پوری کی جائیں گی اور حضور نبی کریم کی شان اقدس بیان کرنے کی متبرک محفل کے انعقاد کے انتظامات ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کے علاقے کے مقامی پولیس افسران پر ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی تا کہ مقامی سطح پر تمام مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں ۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے اظہار خیال کے دوران کہا کہ آستانہ عالیہ عید گاہ شریف علم و خیر کا مرکز ہے اور انٹرنیشنل کانفرنس کے موقع پر بہترین انتظامات یقین بنائے جائیں گے ۔ راحت قدوسی نہ کہا کہ عید گاہ شریف سے عشق محمد کا پیغام عام ہوا جو کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔ راجہ محمد حنیف نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے صفائی کے بہترین نظام یقینی بنائے جائیں گے ۔ ملک شکیل اعوان نے کہا کہ کانفرنس کے بھر پور انتظامات ہوں گے کیونکہ یہ کانفرنس اہلیان راولپنڈی کیلئے بہت بڑی سعادت ہے ۔