افغان امن عمل میںمددکیلئے عالمی برادری پاکستان پر دباؤ جاری رکھے گی :جنرل نکلسن

واشنگٹن (آئی این پی)افغانستان میں نیٹو مشن کے امریکی کمانڈرجنرل نکلسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن عمل برقرار رکھنے میں مدد کے حصول کیلئے بین الاقوامی برادری پاکستان پر دبائو جاری رکھے گی۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے یہ بات جنوبی صوبہ قندھار کے دورے کے دوران کہی جس میں افغان کابینہ کے ارکان اور امداد دینے والے ملکوں سے تعلق رکھنے والے متعدد نمائندے ان کے ہمراہ تھے۔ جنرل نکلسن نے اگلے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں سکیورٹی اقدامات کے بارے میں بھی بات کی۔ صوبائی اہل کاروں اور مقامی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے، جنرل نکلسن نے کہا کہ طالبان کی قیادت کا تعلق وسیع تر قندھار علاقے سے ہے اور ان صوبوں کے باشندوں کی کوششوں کا امن عمل کے سلسلے میں بڑا کردار ہے۔ان کے الفاظ میں سفارتی حلقے پاکستان پر دبا ئوجاری رکھیں گے تاکہ افغانستان میں (امن) عمل میں مدد کی جا سکے۔امن کوششوں کی بات کرتے ہوئے، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی (این ڈی ایس) کے سربراہ، معصوم ستانکزی نے پاکستان میں افغان مہاجرین کی موجودگی کو قومی سلامتی کے لیے ایک چیلنج قرار دیا، جن کی وطن واپسی استحکام کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔این ڈی ایس کے سربراہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ وطن واپس آنے والے مہاجرین کی معاشرے میں دوبارہ بحالی میں مدد دیں۔ستانکزی نے کہا کہ قندھار کبھی امن کا گہوارہ ہوا کرتا تھا۔ افغانستان میں تبھی امن آئے گا جب لوگ اپنے گھروں اور افغانستان کے اندر مدارس کے جانب لوٹیں گے۔

ای پیپر دی نیشن