انتظامیہ رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے، 29 اپریل کو مینارپاکستان پر ہی جلسہ ہوگا: تحریک انصاف

پشاور+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) عمران خان کی زیرصدارت خیبر پی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک سمیت بورڈ کے ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔ تحریک انصاف الیکشن مینجمنٹ سیل کے سربراہ کی جانب سے بورڈ کو مفصل بریفنگ دی گئی۔ خیبر پی کے سے موصول ہونے والی درخواستوں کی ابتدائی پڑتال کی گئی۔ پی ٹی آئی نے پارٹی ٹکٹ 4 مئی کی حتمی تاریخ گزرنے کے بعد جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ امیدواروں سے ٹکٹ کی درخواست کے ساتھ حلف وفاداری وصول کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان نے کہا امیدواروں کے چنائو میں نہایت احتیاط برتیں گے۔ خیبر پی کے میں تحریک انصاف مضبوط اور مستحکم ہے۔ تعلیم یافتہ‘ متحرک اور پارٹی کے جانثار نوجوانوں کو بطور خاص سامنے لائیں گے۔ خیبر پی کے عوام صوبے میں تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اجلاس میں 29اپریل کے لاہور جلسہ کی بھی بات کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق ریجنل صدور کو جلسے کی تیاریوں اور شرکت سے متعلق اہداف دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے جلسہ روکنے کی کوشش کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی آئی ہر صورت مینار پاکستان میں ہی جلسہ کرے گی۔ آن لائن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 29 اپریل کو مینار پاکستان پر ہی جلسہ منعقد کرنے کافیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر علیم خان کی قیادت میں پارٹی لاہور کے مختلف عہدیداروں نے مینار پاکستان کادورہ کیا اور سٹیج بنانے کے مقام کو حتمی شکل دی دورہ کے موقع پر علیم خان نے کہا 29 اپریل تاریخی دن ہے اور اس دن مینار پاکستان پر جلسہ کرنا تحریک انصاف کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ وہ شریف برادران کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے جلسہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے جلسہ کے انعقاد میں مزاحمت کی تو پارٹی کارکنان اور رہنماء حکومت کی اس شرارت کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے اور حکمرانوں کا محاسبہ کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...