لاہور/ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + وقائع نگار + خصوصی نمائندہ) امریکہ میں نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی گذشتہ روز نیب آفس میں پیش ہوئے نیب حکام کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی سے پوچھ گچھ کی گئی علی جہانگیر صدیقی پر 40ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے علی جہانگیر صدیقی 3گھنٹے تک نیب آفس میں موجود رہے اس دوران نیب حکام کی جانب سے مختلف سوالات کئے گئے جن کا جواب دے دیا گیا۔ نیب لاہور نے صاف پانی کمپنی کی تحقیقات میں کروڑوں روپے کے مالی غبن کے الزام میں 4ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار ملزمان میں ملزم ناصر قادر بھدل، ملزم ڈاکٹر ظہیر الدین، ملزم محمد سلیم اور ملزم محمد مسعود اختر شامل ہیں۔ ملزم ناصر قادر بھدل صاف پانی کمپنی میں بطور چیف پروکیورمنٹ آفیسر تعینات رہا، ملزم ڈاکٹر ظہیر الدین چیف ٹیکنیکل آفیسر صاف پانی کمپنی تعینات رہے، ایسوسی ایٹڈ کنسلٹنٹ انجینئر ملزم محمد سلیم اختر صاف پانی کمپنی کیساتھ پروکیورمنٹ و کنٹریکٹ سپیشلسٹ منسلک رہا جبکہ ملزم محمد مسعود اختر مینیجنگ ڈائریکٹر کے ایس بی پمپس صاف پانی کمپنی میں بطور کنٹریکٹر منسلک رہا، ملزمان کی آپس کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب کے مطابق ملزمان نے بہاولپور ریجن میں مہنگے داموں116 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے۔ وقائع نگار کے مطابق قومی احتساب بیورو (راولپنڈی) نے سی ڈی اے کی سینکڑوں کینال اراضی پر قبضہ کروانے، جنگلات کی لکڑی کٹوانے اور چائنہ کٹنگ میں ملوث شعبہ انوائرمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل رینج آفیسر سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کے لئے نوٹس لے لیا ہے۔ خصوصی نمائندہ کے مطابق چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال آج بدھ کو پارلیمینٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے بند کمرے کے غیر معمولی اجلاس کی کارروائی کے دوران نیب کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ سیکرٹری ہائوسنگ و تعمیرات سے بہارہ کہو ہائوسنگ سکیم کے بارے میں بھی بریفنگ طلب کر لی گئی ہے۔ آن لائن کے مطابق نیب لاہور نے شریف خاندان کے ملکیتی شریف میڈیکل سٹی سے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے اس سلسلے میں نیب لاہور نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ان سوالات کی مکمل تفصیلات فراہم کریں کہ شریف میڈیکل سٹی کی تعمیر کا نقشہ کیسے منظور کیا گیا اور کس کے دبائو میں منظور کیا گیا اس مد میں سرکاری خزانے میں کتنی فیس جمع کروائی گئی اور شریف میڈیکل سٹی کی تعمیر کیلئے این او سی کس کے دستخطوں سے جاری کیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں مبینہ بدعنوانی کا نوٹس لے لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں مبینہ بدعنوانی اور خوردبرد کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کے خلاف جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کو وفاقی وزیر کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کے خلاف جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں بدعنوانی کے الزام میں طارق فضل چودھری کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت کا آٹھواں وزیر بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کے شکنجے میں آگیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف لیپ ٹاپ سکیم سے متعلق بھی تحقیقات شروع کردیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب نے احد چیمہ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھاتے ہوئے ان کی بطور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن لیپ ٹاپ سکیم سے متعلق بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کے خلاف لیپ ٹاپس مہنگے داموں خریدنے کا الزام ہے۔ نیب لاہور نے الزامات کی تصدیق کے لیے متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کرلیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نیب اجلاس چیئرمین کی سربراہی میں ہوا۔ نیب نے فیڈریشن آف ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوسائٹی کے سابق جنرل سیکرٹری عامر ریاست کیخلاف فراڈ اور کرپشن کا ریفرنس منظور کرلیا گیا۔ ملزم عامر ریاست پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں ہیرپھیر کا الزام ہے۔ نیب راولپنڈی نے گلگت بلتستان پوسٹل سروسز میں گھپلوں کی تحقیقات کی بھی منظوری دے دی۔ نیب ذرائع کا ہے علی جہانگیر صدیقی کی جانب سے فراہم کئے گئے ریکارڈ اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) و بینکوں سے طلب کیے گئے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ دوبارہ علی جہانگیر صدیقی کو تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا کہا جائے گا۔