سٹاک ہوم (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سویڈن کے دورے پر پہنچے‘ اس موقع پر کشمیری برادری نے بھارتی وزیراعظم کے دورے پر احتجاج کیا۔ مظاہرے میں کشمیری برادری اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف نعرے لگائے۔ سٹاک ہوم کی سڑکیں بھارت کے خلاف نعروں سے گونج اٹھیں۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرانے کا مطالبہ کیا۔ ادھر لندن میں بھارتی مظالم‘ 8سالہ بچی آصفہ سے زیادتی کے خلاف مظاہرہ ہوا۔ مودی قاتل کے نعرے لگائے گئے۔ ٹیلی فونک خطاب کرتے آسیہ اندرابی نے کہا جس شخص کو مغربی ممالک ویزا نہیں دیتے تھے آج ان کا مہمان ہے یہ شرمناک بات ہے۔ آج بھی لندن میں بھارتی وزیراعظم کے دورے پر کشمیری رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندے احتجاج کرینگے۔قیادت وزیراعظم آزاد کشمیر کرینگے۔بیان میں کہا عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔ لارڈ نذیر نے کہا بھارت کشمیریوں کا جذبہ آزادی طاقت کے زور پر نہیں دبا سکتا۔ بھارتی وزیراعظم نے سویڈش ہم منصب سٹیفن سوفون سے ملاقات کی اور مشترکہ پریس کانفرنس میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا اور شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مودی نے کہا اس بات پر توجہ ہے سویڈن ترقی کے سفر میں بھارت کی کیسے مدد کر سکتا ہے۔ وہ فاورڈ کنٹری کا 30 برس میں دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم ہیں۔ سائبر سکیورٹی اور دفاعی شعبے میں پیداوار بڑھانے پر تعاون بڑھائیں گے۔ سٹیفن نے انڈیا کو گلوبل پاور قرار دیا۔ سمارٹ سٹیز اور گرین ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون فروغ پائے گا۔ مودی بادشاہ کارل سے بھی ملے۔