پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی آنے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں-صنعت و تجارت میں نمایاں بہتری آ رہی ہے-وزیراعلی شہبازشریف نے یہ بات گورنر سندھ محمد زبیر ،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سعید ایاز علی شیرازی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے عہدےداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ملاقات کی -وزیراعلی نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل وکرم اور پاکستان مسلم لیگ( ن) کی قیادت کی کاوشوں سے انرجی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے وہ وقت دور نہیں جب لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن کر رہ جائے گی-لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آنے سے کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر شہروں میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں-انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھ چکا ہے اور لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے -انہوںنے کہاکہ کراچی میں امن وامان برسوں سے خواب بن چکا تھا-پاک فوج او ردیگر قانون نافذ کرنے والے ادار وں کی کاوشوں اور قربانیوں سے کراچی میں امن لوٹ آیاہے جس کا کریڈٹ بلاشبہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کو ہی جاتا ہے جس نے نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے ملک بھر میں دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے لئے یکسو ہوکر کام کیا - وزیراعلی محمدشہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ہے ، ہم سب نے اسے مل جل کر چلانا ہے - پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے سب کو مل جل کر تندہی سے کام کرنا ہے-اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کی تنظیم نو، عہدےداروں کے مرحلہ وار انتخابات اور دیگر تنظیمی امور بھی زیر بحث آئے -اجلاس میں شرکاءنے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں-اجلاس میں سینیٹر راحیلہ مگسی ، سینیٹرڈاکٹر آصف سعید کرمانی ، سینیٹر اسد علی خان جونیجو، سینیٹر سلیم ضیاءاور دیگر بھی موجود تھے-