لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے فلم مولا جٹ کا ٹائٹل، ڈائیلاگ، کریکٹر اور نام استعمال کرنے کیخلاف دائر پٹیشن کی جلد سماعت کیلئے دائر متفرق درخواست پر سنسر بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔مسٹر جسٹس امین الدین خان نے محمد سرور بھٹی کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں کہا گیا کہ بلال لاشاری نے غیر قانونی طور پر فلم مولا جٹ ری میک بنائی ہے۔دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں فلم مولاجٹ کے ٹائٹل، کریکٹر اور ڈائیلاگ کو استعمال کیا گیا ہے۔مولا جٹ فلم کے تمام کاپی رائٹس اور ٹریڈ مارک ان کے پاس ہے۔بغیر اجازت مولا جٹ فلم کا ٹائٹل، ڈائیلاگ اور کریکٹر استعمال کیے جارہے ہیں۔مولاجٹ فلم کا ٹائٹل یا اس سے ملتا جلتا ٹائٹل استعمال نہیں کیا جاسکتا۔عدالت سے استدعا ہے کہ فلم کو غیر قانونی طور پر بنانے، نمائش کرنے اور سنسر کرنے پر کارروائی کی جائے۔عدالت اپنے فیصلے تک فلم کی ریلز پر پابندی عائد کرے۔