مگرمچھوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھ رہے ہیں، آئندہ کسی کو بھی ہتھکڑی نہیں لگائیں گے: چیئرمین نیب

Apr 18, 2019

لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اور ہائوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ہم نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنا دیا اور اب کسی کو مستقبل میں ڈبل شاہ نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب لاہور میں فیروز پور سٹی ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین میں تقریباً 73 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اب تک لوٹے گئے303ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ نیب کا کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے تعلق نہیں۔ چیئرمین نیب نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ نیب کی تحویل میں کسی کو ہتھکڑی نہیں لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رزق حلال میں ہمیشہ برکت ہوتی ہے چند دنوں میں کروڑ پتی بننے والوںکو سوچنا چاہئے کہ کفن کی کوئی جیب نہیں ہوتی اور جو لوگ بھی اس دنیا سے گئے ہیں وہ خالی ہاتھ ہی گئے ہیں۔ بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے کسی دبائو یا سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ قبل ازیں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیب لاہور جسٹس جاوید اقبال چیئرمین نیب کی قیادت میں عوام کی نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے ہاتھوں لوٹی گئی رقم واپس متاثرین کو دلانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب مگرمچھوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھ رہا ہے پھر بھی کہا جاتا ہے مقدمات انجام کو نہیں پہنچائے جاتے۔

مزیدخبریں