کراچی(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ذمہ داریوں سے شتر مرغ کی طرح اپنا سر ریت میں چھپا لیا ہے۔ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے شدید متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے جب کہ آباد کاروں اور کسانوں کے لئے سپیشل پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف بے نامی وزیراعظم عوام سے جھوٹ موٹ کا رابطہ رکھنے کے لیے بھی تیار نہیں۔ عمران خان نیازی کو نا تو دہشت گردی کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کی سسکیاں سنائی دیتی ہے اور نہ ہی بارشوں کے متاثرہ لوگوں کی آہ و فغاں، لگتا ہے کہ وزیراعظم کو بولا گیا ہے کہ اگر وہ غریبوں سے رابطے میں رہیں گے تو قرضے نہیں ملیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخالفین کے خلاف صبح و شام آگ اگلنے میں مصروف وزرا کے منہ میں بھی بارش کے متاثرین سے ہمدردی کے لیے دو الفاظ نہیں۔