لاہور(نوائے وقت رپورٹ) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان ٹریڈرز الائنس کے 40 رکنی وفد نے مرکزی صدر محمد علی میاں اور صدر لاہور ناصر حمید خان کی قیادت میں یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ملک کو درپیش معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہی ہے، تاجر برادری اس سلسلہ میں حکومت سے مکمل تعاون کرے۔ وفد میں شبیر سیال، انصر ظہیر بٹ، ہمایوں اقبال، زبیر احمد، محمد ارشد، سید ماجد بخاری، عرفان اقبال، زبیر احمد انصاری، خواجہ خاور رشید اور جاوید بٹ شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے تاجر برادری کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی بنائیں جو ایک جامع پلان کے تحت اپنا منشور واضح کرے، آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلی پنجاب میں نے تاجروں کو بہترین سہولیات فراہم کی تھیں یہی وجہ تھی کہ وہ اس وقت پنجاب خو د کفیل تھا۔ محمد علی میاں اور ناصر حمید خان نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجرطبقہ کو کاروباری سہولیات فراہم کرے، ٹیکس ریفارمز میں درپیش مشکلات حل کرنے کیلئے سنگل پیج فارم ہونا چاہئے، تاجروں پر چھاپے مار کر حکومت انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کر رہی ہے۔
حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کام کر رہی ہے تاجر تعاون کریں: پرویز الہیٰ
Apr 18, 2019