وزیراعظم 25اپریل سے چین کا چار روزہ دورہ کریں گے

Apr 18, 2019

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان بیجنگ میں منعقد ہونیوالے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کیلئے رواں مہینے کی پچیس تاریخ سے چین کا چار روزہ دورہ کریں گے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے انہیں اس دورے کی دعوت دی ہے جو 26 اپریل کو ایک خطہ ایک سڑک فورم کاافتتاح کریں گے۔چالیس ممالک کے رہنما ،سو سیزائد ممالک کے وفود، بین الاقوامی تنظیموں اور کاروباری شعبے کے نمائندے فورم میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ایک وزارتی وفد بھی چین جائے گا وہ ایک خطہ ایک سڑک فورم کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب اوررہنماوں کی گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے وہ مختلف ریاستوں اورحکومتوں کے سربراہان اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعظم صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں اورمعاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔وزیراعظم بیجنگ میں عالمی باغبانی نمائش2019 میں بھی شرکت کریں گے اوربیجنگ میں پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

مزیدخبریں