اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی پالیسیاں ناکام ہیں:ترجمان ن لیگ

اسلام آباد:اسد عمر کے وزارت خزانہ چھوڑنے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد عمر کے وزارت خزانہ چھوڑنے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیا اور تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ " اصل مسئلہ اسد عمر نہیں ،عمران خان ہیں، اگر حکومت کی پالیسیاں بہت اچھی تھیں تو کیا ہوا؟ اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں۔"

واضح رہے کہ اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیاتھا۔اپنے پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ "وزیراعظم عمران خان مجھے خزانہ کی بجائے توانائی کی وزرات دینا چاہتے تھے،لیکن میں وزارتوں کی تبدیلی میں کوئی بھی محکمہ لینے کو تیار نہیں،میرے اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان معاملات طے ہیں کہ میں کابینہ کا حصہ نہیں رہوں گا۔کابینہ سے علیحدگی پر وزیراعظم کی تائید حاصل کر لی ہے"۔ان کا مزید کہنا تھا کہ "میرایقین ہے عمران خان ہی پاکستان کی امید ہیں،ہم انشاءاللہ نیا پاکستان بنائیں گے۔" 

ای پیپر دی نیشن