قصور 2کیسز‘ گوجرانوالہ میں ایک خاندان کے 8افراد سمیت 11نئے مریض

Apr 18, 2020

قصور‘ گوجرانوالہ ‘بھکر‘ جھنگ‘ ننکانہ صاحب‘ کامونکے (نامہ نگاران‘ نمائندگان) گوجرانوالہ میں ایک خاندان کے 8افراد سمیت 11لوگ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ قصور سے چوبیس گھنٹوں کے دوران 2نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ بھکر ڈسٹرکٹ جیل کے 2قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ ڈسکہ میں رپورٹ ہونے والا پہلا مریض صحت یاب ہو گیا۔ ساہیوال قرنطینہ میں انتظامیہ کے بدترین رویہ پر مشتبہ افراد نے احتجاج کیا۔ جھنگ میں ایک رٹیسٹ پازیٹو آنے پر متاثرہ شخص کا علاقہ سیل کر دیا گیا‘ ننکانہ صاحب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں وائرس سے متاثرہ2مریضوں کو تندرست ہونے پر گھر بھیج دیا گیا۔ کامونکے میں بھی 25سالہ نوجوان کرونا کو شکست دیکر گھر پہنچ گیا۔ دوسری طرف عارف والا سے 2مشتبہ مریض سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھکر ڈسٹرکٹ جیل کے دو قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ضلع میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 66ہوگئی ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل بھکر کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا ہے تمام ملازمین اور قیدیوں کے ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں۔ کامونکے کا پچیس سالہ نوجوان کرونا وائرس کو شکست دیکر گھر پہنچ گیا۔ والد ین اورمحلہ داروں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹبہ محمد نگر کے پچیس سالہ ڈرائیور محمد مظہر کو کرونا وائرس مثبت آنے کے بعد گوجرانوالہ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا، دوبارہ ٹیسٹ تو رپورٹ منفی آنے پر اسے صحتمند قرار دیکر گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میںایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت گیارہ افراد کرونا کا شکار ہو گئے، متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کر کے علاقہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں گیارہ مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد گوجرانوالہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 135ہو گئی ہے۔ فوکل پرسن ڈاکٹر نصرت کا کہنا ہے کہ گجرات میں 163،سیالکوٹ 92، حافظ آباد میں47 منڈی بہاء الدین میں61 ، نارووال میں 34 مریضوں کے ساتھ ریجن بھر میں کرونا وائرس کے 532افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ ریجن کے 6 اضلاع سے 4287مشتبہ مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں2933 مریضوں کے ٹیسٹ منفی جبکہ 535 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 822 مریضوں کی لاہور سے رپورٹس آنا باقی ہیںتاہم ریجن میں خطرناک وائرس سے 3 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2کنفر م کرونا کیس سامنے آگئے۔ ضلعی انتظامیہ نے خاتون کی فیملی کو گھر میں قرنطینہ کر دیا۔ سی او ہیلتھ قصور ڈاکٹر نذیر کے مطابق گزشتہ روز کو ٹ حلیم خاں میں بیوی کاکورونا وائرس مثبت جبکہ خاوندکا نیگٹیوآیا ہے جبکہ ڈی پی ایس سکول قصور میںتبلغی جماعت کے تین غیر ملکیوں میں سے ایک کا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسکی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ۔ اسی طرح سندھ سے قصور آنیوالی ایک ہی فیملی کے دس افراد کو ڈی پی ایس میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں