اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نقد امداد کے طریقہ کار پر مبنی ٹویٹ کئے جن میں بتایا گیا ہے کہ اگر آپ کو احساس ایمرجنسی کیش امداد کی ضرورت ہے یا کسی ضرورتمند شخص کو جانتے ہیں تو 8171 پر شناختی کارڈنمبر بھیجیں۔ ایس ایم ایس بھیجنے کی آخری تاریخ 19اپریل رات12 بجے تک ہے۔اگر آپکواحساس ایمرجنسی کیش کا یہ ایس ایم ایس موصول ہوا ہے کہ آپ کو اہلیت کے بارے میں کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد مطلع کیا جائے گا تو آپ ہماری جانب سے دوسرے ایس ایم ایس کا انتظار کیجیئے جو آپکو 8171 سے اگلے دس دن کے اندر موصول ہوگا۔احساس ایمرجنسی کیش کی جانب سے اگر آپ کو اپنے والدین یا شریک حیات کی اہلیت کا پیغام موصول ہوا ہے اورانکی وفات ہو چکی ہے تو آپ080026477 پر رابطہ کریں۔مرحومین کے نام اہلیت کے جاری کردہ پیغام کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انکے ورثاء نے نادرا کے ریکارڈ میں اموات کا اندراج نہیں کروایا۔ اگر ادائیگی کے وقت آپکی انگلیوں کے نشانات کی بائیومیٹرک تصدیق نہیں ہوتی تو آپکو نادرا کے قریبی دفتر سے تصدیق کروانی ہوگی۔ آپ کی سہولت کیلئے نادرا کے دفاترکھلوائے جائیں گے۔ جن افراد کے شناختی کارڈ یکم ستمبر2019 کے بعد زائدالمیعاد ہو چکے ہیں وہ اپنے پرانے شناختی کارڈ کی بنیاد پر رقم وصول کر سکتے ہیں۔ یادرکھیئے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں آپ حبیب بنک کے نامزد ریٹیلرز کے ذریعے جبکہ خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آپ بنک الفلاح کے نامزد ریٹیلرز سے رقوم وصول کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ایسے ضلع یا صوبہ میں مقیم ہیں جو آپکے شناختی کارڈپر درج پتے سے مختلف ہے تو آپ ادائیگی کیلیئے نامزد بنکوں سے کسی بھی دوسرے ضلع یا صوبے میں ادائیگی کا ایس ایم ایس دکھا کر بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے رقم وصول کرنے کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کے شناختی کارڈ کا پتہ خیبر پختونخواہ کا ہے اور آپ اس وقت کراچی میں ہیں تو آپ بنک الفلاح کی کسی بھی برانچ میں جا کر کراچی میں پیسے نکالنے کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔