اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میںکرونا وائرس سے آج مزید 5ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 140 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7404تک پہنچ گئی۔ملک میں ہونے والی 140 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 47 اور خیبرپختونخوا میں 45 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔صحت یاب افرادکی تعداد1812، اس کے علاوہ پنجاب میں 39، بلوچستان میں 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔آج بروز جمعہ ملک میں اب تک کرونا کے مزید 370 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہے۔وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق وزیرآباد کے علاقہ گلی جوگیاں والی کا رہائشی کرونا کا مشتبہ مریض گوجرانوالہ ٖڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچ کر جان کی بازی ہار گیا ۔تفصیلات کے مطابق گلی جوگیاں والی کا رہائشی کھل بنولہ کا تاجر 60سالہ حافظ عبدالرزاق جو کچھ دنوں سے بیمار تھا اور اسے کھانسی کی بھی شکایات تھیں۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال وزیرآباد لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹرز نے اسے چیک کیا اور علامات ظاہر ہونے پر مشتبہ قرار دیتے ہوئے مریض کو گوجرانوالہ ریفر کر دیا جہاںپہنچ کر وہ جاں بحق ہو گیا ۔لاہور میں کرونا وائرس سے متاثرہ 48سالہ مریض انتقال کر گیا ۔ایم ایس سروسز ہسپتال کے مطابق مریض اچھرہ کا رہائشی تھا اور چند روز قبل ہسپتال میں داخل ہوا۔ لاہور میں کرونا سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 16ہو گئی پنجاب میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد36ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں جان لیوا کرونا وائرس سے بچائو کے لیے رواںجمعے کوبھی لاک ڈائون کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے تھے، حکومت سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میںکرونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے کے لیے مسلسل تیسرے جمعہ کو لاک ڈائون کیا گیا۔سندھ بھر میں یہ لاک ڈائون دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک 3 گھنٹے تک جاری رہا، سندھ میں دن 12 بجے سے 3 بجے تک لاک ڈاون پر سختی سے عمل درآمد کرایا گیا، جس کے دوران شہریوں کے گھر سے نکلنے اور نقل و حرکت پر مکمل طور پر پابندی رہی۔لاک ڈائون کو موثر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات تھے۔ نماز جمعہ کی نماز کے لئے آنے والے نمازیوں کو پولیس نے مساجد میں داخل نہ ہونے دیا فیصل آباد کی کئی مساجد کے باہر پولیس کی نفری کھڑی رہی اور آنے والے نمازیوں کو گھروں واپس بھجوا دیا گیا پولیس کا کہنا ہے اعلیٰ حکام کا حکم ہے پانچ سے زائد افراد نماز ادا نہیں کر سکتے ۔معاون خصوصی ظفر مرزا نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کی صلاحیت بتدریج بڑھ رہی ہے۔ اس ماہ کے آخر تک ہمارے پاس20ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کی صلاحیت ہو گی۔ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کرونا کے 497مثبت آئے ہیں۔ پاکستان میں کرونا سے متاثرہ کیسز کی تعداد7ہزار 25ہو گئی۔ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 340‘ پنجاب میں 59‘ خیبر پی کے میں 58‘ اسلام آباد میں 9‘ گلگت بلتستان میں 8کیسز سامنے آئے۔ پاکستان میں کرونا کے ایک ہزار785مریض مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں‘ چوبیس گھنٹوں میں 6264ٹیسٹ کئے گئے۔ اس ماہ کے آخر میں ہمارے پاس 20ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کی صلاحیت ہو گئی۔ پاکستان میں 60فیصد تک کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں ملک میں 24گھنٹوں میں 11اموات ہوئیں‘ مجموعی تعداد 135ہو گئی۔ سندھ حکومت کے ساتھ کرونا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر اتفاق ہوا ہے۔ یہ کہنا قبل ازوقت ہے کراچی میں تمام اموات کرونا کے باعث ہوئیں کرونا کے حوالے سے اموات کو لیبارٹری سے ہی جانا جا سکتا ہے۔ ملک میں کرونا کے 44مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح 1.9فیصد ہے۔پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق سیف الرحمن نامی شخص کرونا وائرس کا مریض نکلا۔ کرونا وائرس کے باعث لاہور ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔ میت کی تدفین بھی سرکاری اہلکاروں نے کی،پتوکی کے عوام میں سن کر خوف وہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسماعیل ٹائون ناروکی کا رہائشی سیف الرحمن جوکہ پچھلے دس روز سے بیمار تھا جسے کڈنی کی تکلیف کے باعث تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔ دو روز سول ہسپتال میں ایڈمٹ کے بعد تشویشناک حالت پر لاہور ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ اہل علاقہ نے بتایا طبیعت نہ سنبھلنے پر مریض کے متعدد ٹیسٹ کئے گئے جس سے ساٹھ سالہ سیف الرحمن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ شدید طبیعت خراب ہونے کے باعث دو روز بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔کرونا وائرس کے مریض کی میّت کو انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیاجس کی تدفین کے تمام انتظامات سرکاری طور پر کئے گئے۔ میت کی تدفین اس کے آبائی علاقہ منڈی عثمان والا میں کی گئی۔سیالکوٹ میں کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی ہلاکت۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی محلہ کی 58سالہ زیب النساء گزشتہ روز علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ انتقال کر گئی۔ مسماۃ زیب النساء سیالکوٹ کی پہلی مریضہ ہے جو کہ کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئی۔لندن، بیجنگ، ووہان، واشنگٹن، روم (شِنہوا+ عارف پندھیر) دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 22لاکھ سے زائد اور ہلاکتیں ڈیڑھ لاکھ کے قریب پہنچ گئیں۔ امریکہ میں 35ہزار، اٹلی میں 22ہزار سے زائد، سپین میں 20ہزار کے قریب اموات جبکہ چین میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز اور ہلاکتوں کی تعداد میں نظر ثانی کے باعث 1290 نئی ہلاکتوں کے ساتھ مجموعی اموات 4632 ہوگئیں۔ جمعہ کو جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس و انجینئرنگ کے مرکز نے نوول کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ممالک میں مصدقہ کیسز کی تازہ ترین صورتحال جاری کی ہے، یہ اعدادوشمار 17اپریل کو 0500جی ایم ٹی تک کے ہیں جس کے مطابق دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 21لاکھ 58ہزار 594 تک پہنچ گئی ہے، سب سے زیادہ 6لاکھ 71ہزار 349مصدقہ کیسز امریکہ میں ہیں جبکہ سپین میں 1لاکھ 84 ہزار 948مصدقہ کیسز اسی طرح اٹلی میں 1لاکھ 68ہزار 941مصدقہ کیسز، فرانس میں 1لاکھ 47ہزار 91 اور جرمنی میں 1لاکھ37ہزار698مصدقہ کیسز علاوہ ازیں برطانیہ میں کیسز کی تعداد1 لاکھ 4ہزار 148 تک پہنچ گئی ہے، ایران میں 77ہزار 995مصدقہ کیسز اسی طرح ترکی میں 74ہزار193 جبکہ بیلجیم میں 34ہزار809 مصدقہ کیسز اور چین میں 84ہزار 148 مصدقہ کیسز ہیں۔ ادھر چین کے محکمہ صحت نے کہاہے کہ جمعرات کے روز مین لینڈ پر نوول کرونا وائرس کے 26نئے مصدقہ کیسز کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 15درآمدی قومی صحت کمیشن نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہاہے کہ باقی11کیسز مقامی سطح پر ترسیل کے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ درآمدی کیسز میں سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ وسطی چین کے صوبہ ہوبے میں نوول کرونا وائرس کا سابقہ مرکز ووہان خریداری کو فروغ دینے کے لئے 50کروڑ یوآن مالیت کے (7کروڑ 6لاکھ امریکی ڈالر) واچرز جاری کریگا ،اس کا آغاز اتوار کی دو پہر سے ہوگا جس کے تحت ووہان کے تمام لوگ ، بشمول غیرمقامی درخواست دے کر واوچرز کا استعما ل کرسکیں گے۔ اس اقدام کا مقصدمیونسپل کے کامرس بیور کے مطابق کمرشل، تجا رتی، ثقافتی اور سیا حتی شعبوں میں کام کی بحالی میں مدد دینا ہے۔ ان واوچرز میں سے 1 کروڑ 80 لاکھ یوآن مالیت کے واوچرز شہر میں رجسٹرڈ غریب افراد میں تقسیم کئے جائیں گے۔ برطانیہ کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے مزید 847 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جن کی ملک بھر میں تعداد 14000 سے بھی زیادہ ہے۔ بیماری کے ٹیسٹوں کی تعداد بھی 21328 اضافے سے 438991ہوگئی ہے۔ انگینڈ کی ورلڈ کپ 1966ء کی فاتح ٹیم کے رکن نارمن ہنٹر کرونا وائرس سے ہلاک ہو گئے۔ نارمن ہنٹر کو دس اپریل کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ انہوں نے 15 سال کی عمر میں لیڈز یونائیٹڈ جوائن کی اور کلب کی طرف سے کل 726 میچز کھیلے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں یک روز میں مزید861 افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانس میں 753 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 920 تک جا پہنچی۔ دنیا بھر میں کرونا سے ہونے والی اموات میں سے 65 فیصد ہلاکتیں یورپی ممالک میں ہوئی ہیں۔ یورپ میں 92 ہزار 900 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جو کہ کل تعداد کا ایک تہائی ہے۔برازیل میں مزید 188 افراد ہلاک ہوگئے پیرس میں فرانسیسی بحریہ کے ایک ترجمان نے بتایا کرونا وائرس کی وبا نے فرنچ نیوی کے ایک بہت بڑے جنگی طیارہ بردار بیڑے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ چارلس ڈیگال نامی اس بحری بیڑے پر تعینات عملے کے ارکان کی تعداد 1,767 ہے، جن میں سے اب تک کم از کم 668 سیلرز میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہو چکی ہے۔ سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 518 افراد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 6380 تک پہنچ گئی ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ سنگاپور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 728 نئے مریض سامنے آئے ہیں آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن کا کہناہے کہ لاک ڈائون اور سماجی دوری کے قوانین میں کم از کم چار ہفتوں تک کوئی نرمی نہیں لائی جائے گی۔ ادھر نیوزی لینڈ نے جمعہ کو کرونا وائرس کے نتیجے میں دو مزید اموات کا اعلان کیا ہے بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد نئے مریضوں کی تصدیق کے ساتھ ہی کرونا متاثرین کی تعداد 13 ہزار 387 تک پہنچ گئی۔ ترکی میں کرونا کی وباء کے نتیجے میں مزید 125 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4801 ہو گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس سے مزید دو اموات اور 460 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔