جاپانی ماہرین کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والے نمونیے کی شدید علامات کا علاج جسم کے مدافعتی نظام سے متعلقہ مخصوص پروٹینز کا عمل روکنے سے کیا جا سکتا ہے۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپانی میں اس مشترکہ تحقیق کی سربراہی ریڈیالوجیکل اور کوانٹم سائنس اور ٹیکنالوجی کے قومی اداروں کے صدر ہِیرانو توشی او اور ہوکّائیدو یونیورسٹی کے پروفیسر موراکامی ماسااکی نے کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثرہ انسانی خلیے مدافعتی نظام سے جڑے انٹرلیوکِن 6 اور دیگر پروٹینز کی بڑی مقدار پیدا کرتے ہیں جس کی وجہ سے نظامِ تنفس میں شدید مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔اندازے کے مطابق متاثرہ مریضوں میں سے 20 فیصد میں علامات شّدت اختیار کر جاتی ہیں اور نظام تنفس ناکارہ ہونے سے بعض مریض ہلاک ہو جاتے ہیں۔