قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر ز کے سبزی و پھل منڈیوں اور سستے رمضان بازاروں کے دورے ‘اشیائے ضروریہ کی قیمتوں ، معیاراور سپلائی کو چیک کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر رابعہ ریاست نے اسسٹنٹ کمشنر قصور اورنگزیب سدھو کے ہمراہ ماڈل بازار میں قائم سستے رمضان بازار کا دورہ کیا اور وہاں پر چینی ، آٹا، پھلوں و سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور سپلائی کا جائزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اسامہ شیرون نیازی اور اے سی چونیاں رضوان الحق نے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کر کے شہریوں کو دیئے جانیوالے ریلیف کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے آٹا ، چینی ،کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور ریٹ کو چیک کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھا کشن راجہ قاسم محبوب جنجوعہ نے سبزی و پھل منڈی اور سستے رمضان بازار کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پھل و سبزی منڈی میں بولی کے عمل کا جائزہ لیا جبکہ سستے رمضان بازار میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار اور دستیابی کو چیک کیا ۔