لاہور(سٹی رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کے لیبر روم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے لئے بڑا اقدام اٹھایا ہے جو گائنی کے مریضوں کو بر وقت معیاری طبی سہولیات بہم پہنچانے اور ماں و بچہ کی صحت کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔ اس ضمن میں لاہور جنرل ہسپتال کے لیبر روم وایمرجنسی میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سرجیکل آلات کی کٹس میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے تاکہ ڈلیوری و دیگر سرجری کے سلسلے میں آنے والی خواتین کو انتظار کی زحمت گوارا نہ کرنی پڑے اور انہیں سٹرالائز(جراثیم سے پاک) آلات فوری طور پر میسر آ سکیں اور ان کا آپریشن بر وقت ممکن ہو۔ اس حوالے سے شعبہ گائنی ایمرجنسی کی فوکل پرسن ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بتا یا کہ لیبر روم میں کٹس کی تعداد 10سے بڑھا کر 40کر دی گئی ہے جس سے خواتین مریضوں کو خاطر خواہ مدد حاصل ہوگی۔ اس موقع پرڈاکٹر لیلیٰ شفیق کے علاوہ انور سلطانہ،زیب النساء ،نسرین ہاشمی،کشور صدیق اور شائستہ رزاق بھی موجود تھیں۔