وفاقی حکومت لائنز ایریا ری ڈولپمنٹ پروجیکٹ کو اپنی تحویل میں لے،محفوظ النبی خان 

Apr 18, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت لائنز ایریا ری ڈولپمنٹ پروجیکٹ اپنی تحویل میں لے جس کا قانونی اور اخلاقی جواز موجود ہے۔ ان تاثرات کا اظہار سابق یوسی ناظم و کے ایم سی کونسلر محفوظ النبی خان نے ایک پریس ریلیز میں کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ لائنز ایریا کے ازسرنو ترقیاتی منصوبہ کو چالیس سال گزر جانے کے باوجود تاحال مکمل نہ کراسکی ہے اور محض لائنز ایریا ایک تہائی رقبہ پر ازسر نو ترقیاتی کام ہوئے ہیں ۔ لائنز ایریا ری ڈولپمنٹ پروجیکٹ PC-I کے مطابق منصوبہ کی تکمیل کے معیاد 5 سال تھی جو 35 سال قبل ختم ہوچکی ہے ۔ محفوظ البنی خان نے کہا کہ لائنز ایریا ری ڈولپمنٹ پروجیکٹ اور KDA کا اسٹاف صوبائی حکومت کی سرپرستی میں گذشتہ تین دہائیوں سے کرپشن میں مصروف ہے جس کی وجہ سے منصوبے اور علاقے کے مکینوں کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور لائنز ایریا کے وسائل کو بے دریغ ضائع کیا گیا ہے ۔ لائنز ایریا میں نیلامی کیلئے مختص رقبہ کو 32/32 گز کے پلاٹوں میں تقسیم کرکے سرمایہ داروں کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔

مزیدخبریں