غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی  پھربمباری

 غزہ (نوائے وقت رپورٹ) غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک بار پھر فضائی بمباری کر کے حماس کے دفاتر، شہریوں کے مکان اور فصلوں کو تباہ کر دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں فضائی کارروائی کے دوران حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ کارروائی حماس کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر راکٹ حملے کے جواب میں کی گئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے داغے گئے راکٹ کے جواب میں اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں اینٹی کرافت میزائل لانچر پوسٹ، جنگجوؤں کے دو ٹریننگ سینٹرز اور ایک ٹنل کو تباہ کر دیا۔ تین دنوں میں غزہ میں کیا گیا اسرائیل کا یہ دوسرا فضائی حملہ ہے۔ حماس نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ فلسطین کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور نہ کسی کو بیٹھنے دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن