لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سابق فاسٹ بائولر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ قومی ذمہ داریوں کے باوجود پیسے کی ریل پیل کی وجہ سے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیر لیگ میں جانے سے روکنا مشکل ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے 5 کھلاڑی پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے کے بعد آئی پی ایل کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کیساتھ ساتھ بھارت (بی سی سی آئی) بھی بہت مضبوط ہے جس کا مطلب ہے کہ اگر دوسرے کرکٹ بورڈز کو اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں جانے سے روکنا ہے تو کھلاڑیوں کو بہت زیادہ پیسہ دینا پڑے گا جوبہت مشکل کام ہے۔کھلاڑی ڈیڑھ ماہ تک آئی پی ایل میں کھیلنے سے تقریبا 15 لاکھ ڈالرز کماتے ہیں جو قومی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے کمائی جانے والی رقم سے دوگنا ہے ،جنوبی افریقی کرکٹ داخلی انتظامی امور کی وجہ سے پہلے ہی جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے بھارتی فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ کا موازنہ پاکستانی سپیڈ سٹار شاہین آفریدی سے کرتے ہوئے ٹیم انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ شاہین کے ورک لوڈ کو سنبھال لیں۔جسپریت بْمراہ اچھے بائولر ہیں، وہ ڈیتھ بائولنگ کے معاملے میں شاہین آفریدی سے بہتر ہیں۔ نئی گیند کیساتھ شاہین ان سے آگے ہیں۔ شاہین کو میچ کھلانا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو شاہین آفریدی کا ورک لوڈ سنبھالنا ہوگا۔ جب ٹیم سیریز ہار جائے تو اسے کھلانے کی ضرورت نہیں ، ٹیم مینجمنٹ کو روٹیشن پالیسی اپنانا ہوگی۔ شاہین کو صرف وہی میچ کھیلنا چاہئے جو اہم ہیں۔
کرکٹ بورڈز آئی پی ایل کا مقابلہ نہیں کرسکتے: عاقب جاوید
Apr 18, 2021