لینڈ مافیا کیخلاف کاروائی،جاتی عمرہ،رائیونڈ کے محلات میں بھونچال آگیا:فردوس عاشق

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کی وجہ سے جاتی عمرہ اور رائیونڈ کے محلات میں بھونچال آیا ہوا ہے غلام اور کنیزیں ان محلات کے درو دیوار سے لپٹ لپٹ کر ظل سبحانی کو اپنی وفاداریوں کا یقین دلارہے ہیں سارا ڈراما میڈیا سٹنٹ کے طور پر رچایا جارہا ہے جن کے پاس ملکیت کے ثبوت ہے وہ عدالت میں پیش کریں۔  یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں رمضان بازار کے دورہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی.معاون خصوصی کے ڈبل روڈ پارک راولپنڈی رمضان بازار کے دورہ کے مو قع پر کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوار الحق نے انہیں رمضان بازار کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بر یفنگ دی۔ معاون خصو صی نے اپنے دورے کے دوران چینی کے کاونٹر پر عوام کا رش دیکھنے کے بعد چینی کے کاؤنٹرز میں اضافے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ لوگوں کو چینی کے حصول کے لیے قطاروں میں کھڑا کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسی نہیں ۔ صوبے میں 364 رمضان بازار لگائے گئے ہیں ہر پچاس ہزار کی آبادی پر رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں سستے داموں اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہیں۔اس موقع پر صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے جامع میکنزم بنایا ہے۔ ،پنجاب میں کرونا کی صورت حال انتہائی خراب ہے 100 وینٹی لیٹر اضافے فراہم کیے گئے ہیں میڈیا کے ذریعے ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے قبضہ مافیا کا نیٹ ورک توڑ رہے ہیں قبضہ مافیا سے عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نبرد آزما ہیں قانون کی حکمرانی کے لیے حکومت ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور  ہم کسی صورت اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ پنجاب اپنے وسائل سے کرونا کی حفاظتی ویکسین خریدے گا ،میڈیا کرونا کے خلاف اس میں فرنٹ لائن پر ہے میڈیا ورکرز کو بھی کرونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی جائے گی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں  ہونے والے مالی نقصانات کا اندازہ لگا رہے ہیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار خود مریضوں کی عیادت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حرمت رسول ؐپر جان بھی قربان نبی آخر الزماں حضرت محمدؐ آخری نجات کا ذریعہ ہیں لیکن بعض عناصر معصوم عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن