کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر ملا جلا رجحان رہا کے ایس ای100انڈیکس100پوائنٹس کے اضافے سے45300پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تاہم مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے21ارب روپے ڈوب گئے جبکہ48.76فیصدحصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،غنی گلوبل ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ ،بائیکو پیٹرولیم ،ہم نیٹ ورک ،ایف این ایکوٹیز ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،ازگارڈنائن ،ٹی پی ایل کارپوریشن ،غنی گلوبل گلاسز ،نیٹ سول ٹیکنالوجیز ،اٹک ریفائنری ،پی ٹی سی ایل ،سوئی نادرن گیس ،پاک ریفائنری اور فلائننگ سیمنٹ سر فہرست رہے۔بڑے پیمانے کی صنعتوں کی8ماہ میں شرح نمو بڑھ کر 7.4فیصد تک پہنچنے اور مثبت معاشی اشاریوں ،یورو بانڈ ز کی فروخت سے موصول ہونیوالے ڈھائی ارب ڈالر کے بعد پاکستا ن کے زرمبادلہ ذخائر 23 ارب22کروڑ ڈالر کیساتھ4سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے جیسے عوامل نے اسٹاک مارکیٹ میں3دن کاروباری سرگرمیوں کو بڑھایا اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 408.62 پوائنٹس بڑھ گیاتاہم این سی اوسی اجلاس میں 15فیصد کورونا کیسز کے حامل علاقوں میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز سے ملک کے بیشتر شہروں کی بندش کے خطرات سے معیشت میں دوبارہ سست روی ،مقامی و بیرونی قرضوں کے بڑھتے ہوئے حجم سے حکومت کو معیشت کی ترقی کیلئے مالی تعاون میں مشکلات اور سرکلر ڈیٹ و افراط زر کی بڑھتی ہوئی شرحوں کے منفی اثرات ،ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں سے سرمایہ کاروں کو پہنچے والا نقصان سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اور 2روزہ مندی سے انڈیکس 289.47پوائنٹس لوز کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 119.15پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 45186.48پوائنٹس سے بڑھ کر45305.63 پوائنٹس ہو گیا ۔تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں21ارب83کروڑ68لاکھ39ہزار385روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے79کھرب26ارب33کروڑ99لاکھ33ہزار44روپے سے گھٹ کر79کھرب4ارب50کروڑ30لاکھ93ہزار659روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1905کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے864کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،929میں کمی اور112کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔