اسلام آباد(پی پی آئی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت فٹبال فیڈریشن کے مسائل حل کرنے کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔اپنے زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تمام گروپس مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے مسئلے کا مثبت حل نکالیں۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محسن مشتاق اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل محمد آصف زمان بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر سید اشفاق حسین شاہ اور فیڈریشن کے دیگر سابق عہدیداران نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ عنقریب پی ایف ایف تنازعہ کے دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی بلا کر ان پر اس مسئلہ کو جلد از جلد مثبت طریقہ سے حل کرنے پر زور دیں گی۔اجلاس کے دوران پی ایف ایف کے سابق صدر سید اشفاق شاہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ جلد سے جلد پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل ایک غیر جانبدار نارملائزیشن کمیٹی قائم کی جائے۔قبل ازیں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ فیفا جلد از جلد ایک ایسی غیر جانبدارنارملائزیشن کمیٹی قائم کریگی جس میں پی ایف ایف کے تمام گروپس کو نمائندگی دیکر الیکشن کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ پی ایف ایف کے وفدکی قیادت صدر، سید اشفاق حسین شاہ،چوہدری محمد سلیم،کانگریس ممبرو صدر، اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن، پرنسپل اسٹاف آفیسرسید شرافت حسین بخاری، ایسوسی ایٹ سیکریٹری شعیب اور سابق نارملائزیشن کمیٹی کے رکن سکند رخٹک بھی موجود تھے۔
فٹبال فیڈ ریشن کے مسائل حل کرنے کے لئے کردار اداکرتے رہیں گے، فہمیدہ مرزا
Apr 18, 2021