واشنگٹن (این این آئی) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹس میں بھارت میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ رپورٹس میں کہا گیا بھارت میں اقلیتوں پر مظالم، ماورائے عدالت قتل، صحافیوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنا کے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ایمنسٹی نے بھارتی سرکار پر شدید تنقید کی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا کہ بھارت میں آزادی اظہارکی گنجائش کم ہو رہی ہے۔ بھارتی حکام نقادوں کو پابندیوں اور غیرقانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے خاموش کرا دیتے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں، طالب علموں، صحافیوں اور آرٹسٹوں کو مقدمہ چلائے بغیر گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ مذہبی اقلیتوں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ بھارت نے اپنے غیرقانونی زیر تسلط کشمیر میں پولیس نے 18 صحافیوں پر تشدد کیا۔ پولیس اور این آئی اے نے سول سوسائٹی کے رہنماؤں خرم پرویز، تین ساتھیوں اور پروینہ آہنگر کے گھر پرچھاپے مارے اور خاندانوں کو ہراساں کیا۔
اقلیتوں پر مظالم، ماورائے عدالت قتل، بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال بدترین
Apr 18, 2021