پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کیلئے حضرت محمدؐ سے منسوب رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کامیابی سے جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

 پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کیلئے حضرت محمدؐ سے منسوب رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کامیابی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کے اجراء کا مقصد محروم طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرناہے۔نبی کریمؐ کی تعلیمات کے مطابق مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم کرنا چاہتے ہیں۔رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ سے نادار طلبہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کے تحت وظائف کی منصفانہ اور شفاف تقسیم یقینی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی آئی ٹی  کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دیا جائے گا اور انڈر گریجوایٹ رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ سرکاری کالجز اوریونیورسٹیوں کے طلبہ کو 14ہزار انٹرمیڈیٹ سکالر شپ اور 891انڈر گریجوایٹ سکالر شپ ملیں گے۔ 50 فیصد رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ ضرورت مند بچوں کو دیا جائے گا جبکہ 50فیصد رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ میرٹ کی بنیاد پر تمام اضلاع کے طلبہ کو دیاجائے گا۔سائنس کے طلبہ کو60فیصد اور Humanities گروپ کے طلبہ کو 40فیصد سکالر شپ شیئر ملے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے طالب علم بچوں کو بھی دیا جائے گا۔ ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹرمیڈیٹ سکالرشپ کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔ انٹرمیڈیٹ سکالر شپ کی مدمیں ہر سال 700ملین روپے ادا کئے جائیں گے۔30سرکاری یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجوایٹ سکالرشپ دئیے جائیں گے اور ہریونیورسٹی کے ہر انڈر گریجوایٹ پروگرام میں سرفہرست طالب علم کوسکالر شپ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید بتایاکہ حکومت پنجاب ہر یونیورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈیمک سیشن کی فیس ادا کرے گی۔ انڈر گریجوایٹ سکالر شپ میں مکمل اکیڈیمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس شامل ہوگی۔ ہر سال 6کروڑ 70لاکھ روپے اور مجموعی طورپر 26 کروڑ 80لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ مالی دشواریوں کی وجہ سے تعلیم کا سلسلہ منقطع کرنے والے نادار طلبہ سکالرشپ سے مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لئے نہیں بلکہ ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ سے مستفید ہوسکے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کو نہ صرف جاری رکھے گی بلکہ ہر سال خاطر خواہ فنڈز بھی مختص کئے جائیں گے۔فلاح انسانیت نبی کریم ؐ کی سنت ہے، رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ سے اسی سنت کی پیروی کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن