اسلام آ باد( نوائے وقت رپورٹ ) چیف سیکرٹری بلوچستان ما طہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) ایک بڑا اقتصادی منصوبہ ہے اور گوادر یونیورسٹی سی پیک کے لیے انسانی وسائل پیدا کرنے والا ایک اہم ادارہ ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری نے یہاں گوادر یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان لیپ ٹاپ سکیم کے تحت یونیورسٹی کے طلباء میں 300 لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ یونیورسٹی آف گوادر کے زیر اہتمام لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گوادر پرو کے مطابق تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 44 سپیشل سکیورٹی ڈویڑن میجر جنرل عنایت حسین، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ بریگیڈیئر فہد منصور، مسلح افواج کے افسران، ڈسٹرکٹ ڈیموسٹریٹو آفیسر مختلف شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، ایڈمن سٹاف اور یو و جی کے طلباء نے شرکت کی۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں گوادر یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز، کامرس، ایجوکیشن اور کمپیوٹر سائنس کے طلباء شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان مطہرنیاز رانا نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے تمام طلباء کو مبارکباد دی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بلوچستان کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام طلباء کی ترجیح ملک اور صوبے کی خدمت ہونی چاہیے۔ میجر جنرل عنایت حسین جی او سی 44 ایس ایس ڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی اور گوادر میں معیاری تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹیکنالوجی اور اختراع کے اس دور میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے لیے طلبہ کو ایسی سہولیات فراہم کرنا قابل تعریف ہے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ اور بریگیڈیئر فہد منصور کمانڈر 440 بریگیڈ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران، یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر عبدالرزاق صابر نے تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی اور بلوچی شال پہنائی۔