وفاقی کابینہ، ن لیگ کی تجربہ کار ٹیم سے 6 نام فائنل، آج حلف کا امکان

اسلام آباد(رپورٹ: رانا فرحان اسلم) مسلم لیگ ن نے اپنی سابقہ تجربہ کار ٹیم کو کابینہ کا حصہ بنانے کیلئے حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ چھ سے زائد لوگ پہلے مرحلے میں وفاقی کابینہ کا حصہ بنیں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائدین سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ خاں پر مشتمل تین رکنی کمیٹی نے دیگر اتحادی جماعتوں کیساتھ مشاورت کرنے کے بعد حتمی طور پر اپنے چھ سے زائد قائدین کو وفاقی وزراء کے قلمدان کیلئے نامزد کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر برائے کامرس خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور رانا تنویر حسین، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں، مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے نام فائنل کر لئے گئے ہیں اور جلد انہیں مذکورہ وزارتوں کے قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ایک دو لوگ اور کابینہ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ن کے معتبر ذرائع نے "روزنامہ نوائے وقت" کو بتایا ہے مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین کی تین رکنی کمیٹی وزیر اعظم کی مشاورت کیساتھ گذشتہ چند دن سے حکومت کی دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین کیساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے اور متفقہ طور پر کابینہ اراکین کے نام فائنل کرنے کا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اتفاق رائے سے کابینہ اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے علاوہ پیپلزپارٹی، جمعیت علماء اسلام اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کے نامزد اراکین کابینہ کا حصہ ہونگے۔ پہلے مرحلے میں نامزد کئے گئے اراکین سے آج باقاعدہ طور پر حلف لئے جانے کا بھی قوی امکان ہے۔ بعدازاں کابینہ کے دوسرے مرحلے کیلئے  حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کی مشاورتی کمیٹیاں اگلے مرحلے کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کیلئے کام کریں گی۔
وفاقی کابینہ

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...