سرحد پار سے دہشتگردی واقعات تشویشناک پاکستان افغان ناظم الا مور دفتر خارجہ طلب 

اسلام آباد (خبر نگار) پاک افغان سرحد پر دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے چیک پوسٹوں پر بڑھتے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، افغان حکومت سے پاک افغان سرحدی علاقہ محفوظ بنانے کی کئی بار درخواست کی، دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے استعمال کررہے ہیں، کالعدم دہشت گرد جتھے پاکستان کی سرحدی حفاظتی چوکیوں پر حملے کررہے ہیں، 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاک فوج کے 7 جوان شہید کیے، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ پاک افغان سرحد پر امن برقرار رکھنے کی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنائے، افغان ناظم الامور کو دو واقعات پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، افغان نظام الامور کو۔14 اپریل کے واقعہ پراحتجاجی مراسلہ دیا گیا، افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر بھی احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ دہشت گرد مکمل آزادی سے افغان سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کارروائیاں کررہے ہیں۔ بدقسمتی سے سرحدی علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سرحدی چوکیوں پر حملے کر رہی ہے۔ عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے نتیجہ میں کئی پاکستانی فوجی شہید ہو چکے ہیں،  رواں برس 14 اپریل کو افغانستان سے آپریٹ ہونے والے دہشت گردوں کے ہاتھوں شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 7 سپاہی شہید ہوئے تھے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک مرتبہ دہشت گردوں کی استثنی کے ساتھ افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کارروائیوں سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ

ای پیپر دی نیشن